رہِ ہستی ہے روشن ان کی سیرت کے حوالے سے

 رہِ ہستی ہے روشن ان کی سیرت کے حوالے سے

بڑا خوش بخت ہوں نسبت ہے میری کملی والے سے


درودوں کی مہک سے روح پرور تھا سماں دل کا

ملا اذنِ حضوری جب وہ لمحے تھے نرالے سے


حضورِ شاہِ والٰہ میں کھڑا ہوں اور حیراں ہوں

مرے آنسو سنبھلتے ہی نہیں ہیں اب سنبھالے سے


رسولِ پاک کے نعلین جھومر میرے ماتھے کا

 زمانے میں مری پہچان ہو بس اس حوالے سے


غلامی کے وسیلے سے ہی قائم ہے مری نسبت


بلال اس رحمت ا للعالمیں کی شان والے

سے


صل ا للہ علیہ وآلہ وسلم


 محمد بلال ملک